مدینہ منورہ (لاہورنامہ) نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے منگل کو مدینہ منورہ میں سعودی حکام، ڈی جی رابطہ عالم اسلامی، کیٹرنگ اور رہائشی گروپوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
نگراں وزیر مذہبی امور حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے پانچ روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں، انیق احمد نے سعودی حکام سے ملاقات میں روٹ ٹو مکہ کی کراچی تک توسیع اور ریاض الجنہ کی زیارت کےلیے سعودی حکام کی کوششوں کو سراہا اور اسے زائرین کےلیے مزید سہل بنانے کی درخواست کی۔
انیق احمد نے کہا کہ ’اس سال مدینہ منورہ مرکزیہ میں رہائش کے حصول کےلیے جلد معاہدے کیے جائیں گےاور پروازوں کے شیڈول کو جلد حتمی بنایا جائے گا۔ نگراں وزیر مذہبی امور نے مدینہ منورہ میں حجاج کے ذمہ دار ادارے ادلہ کے چیئرمین عصام عبدالعزیز دمیاطی سے بھی ملاقات کی۔
انہیں حجاج و معتمرین کےلیے پیش کی جانے والی خدمات سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ دو کمپنیوں دلیل الزوار اور اسناد کی جانب سے رہائش سمیت جملہ خدمات پر مبنی حج پیکج کاعندیہ دیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر مدینہ ضیا الرحمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر مدینہ ضیغم نواز بھی موجود تھے۔
نگراں وزیر بدھ کو دارالحکومت ریاض میں سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی اور سعودی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر سعودی عرب کے دورے کے آغاز میں مدینہ منورہ پہنچے تو ڈی جی رابطہ عالم اسلامی نے پرتپاک استقبال کیا.