عبدالعلیم خان

عوام ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے تنگ آچکے ہیں، عبدالعلیم خان

لاہور( لاہورنامہ)مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ٹکٹ ہولڈر اور پارٹی عہدیداروں نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ملاقات کر کے شمولیت کا اعلان کردیا۔

نائب صدرمسلم لیگ (ن) جلیل احمدخان موسی خیل نے عبدالعلیم خان سے لاہور میں ملاقات کی اور شمولیت کا اعلان کیا۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا۔ جلیل احمد خان موسی خیل نے کہا کہ بلوچستان میں استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کو خوش آمدید کہیں گے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کی زیادہ ترقی کے خواہاں ہیں، پرامید ہیں کہ استحکام پاکستان پارٹی آئندہ انتخابات میں ہر جگہ بڑی کامیابیاں حاصل کرے گی، پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے بھی اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

عوام (ن)لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)گزشتہ 40 برسوں سے اقتدار میں ہے، عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکے، عام آدمی کی زندگی کے مسائل میں ان 40 برسوں میں مزید اضافہ ہوا ہے.

وفاق میں اقتدار کی باریاں لینے والے صوبوں میں بھی تین تین ادوار گزار چکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے مارے عوام متبادل قیادت کے متلاشی ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کا منشور ملکی مسائل کے عملی حل کا خاکہ پیش کرتا ہے۔