لاہور (لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے حکومت کی جانب سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 172 فیصد تک اضافے کی منظوری کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہو جائے گی۔
پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 10 سے بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے۔ گردشی قرض 2.1 ٹریلین تک پہنچ گیا، جو کہ حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔حکومت نے آئی ایم یف کے حکم پر ملک کے اندر اتنی مہنگائی کر دی ہے جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف گیس کے نرخ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں، گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ دوسری جانب سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر بجلی مہنگی کرنے کی تیار یاں کی جا رہی ہیں جس سے صارفین پر 22ارب روپے 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
حکمران ہوش کے ناخن لیں۔حکومت عوام کی زندگی مشکل بنانے کی بجائے لائنز لاسسز کو کنٹرول، نادہندگان سے واجبات کو یقینی بنائے اور مفت یونٹس کے نام پر لوٹ مار کا سلسلہ ختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی و بیروزگاری کو ختم کرنے کے لیئے مثبت اقدامات کرنے ہوں گے۔ ملک وقوم کو معاشی بدحالی سے نکالنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے اور ایسی پالیسیاں بنا ئی جائیں جس سے ملکی معیشت بہتر ہو اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
ملک میں اس وقت 2کروڑ افراد بے روزگار ہیں، ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مہنگائی کے عذاب سے دوچار غریب عوام کے لئے اپنے بچوں کو دووقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
معاشی حالات سنگین ہو نے سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں۔پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کے ناکام تجربات کا خمیازہ 25کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔ قوم نے ان ظالموں کو بار بار آزما کر دیکھ لیا ہے، جب تک ان کو مسترد نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملک و قوم کی تقدیر بدل نہیں سکتی۔