ٹریفک چوکنگ پوائنٹس

کمشنر لاہور کو لاہور کے 10 مقامات پر ٹریفک چوکنگ پوائنٹس کی ابتدائی رپورٹ پیش

لاہور (لاہورنامہ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور کے ٹریفک جام مقامات کی نشاندہی اور لاری اڈا کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

ٹیپا نے لاہور کے 10 مقامات پر ٹریفک چوکنگ پوائنٹس کی ابتدائی رپورٹ بریفنگ پیش کردی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڑھی شاہو چوک، جوڑھے پل چوک، شملہ ہل جنکشن، قادر توپاش چوک میں پیک آور میں ٹریفک جام ہوتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نشتر چوک، گجومتہ چوک، کھوکھر چوک، ایل ڈی اے ایونیو ون چوک، کریم بلاک چوک، دبئی چوک اقبال ٹاون ٹریفک چوکنگ پوائنٹس ہیں۔کمشنر لاہور نے چوکنگ چوکوں میں ٹریفک روانی کیلئے ٹیپا سے مختلف تجاویز طلب کر لیں۔

کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ اصولی فیصلہ ہے کہ کسی چوک اور روڈ سے ایک درخت بھی نہیں کٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم میکانزم ترتیب دیں کہ چوکنگ پوائنٹ کو ختم کرنے سے اگلے چوکوں پر ٹریفک جام نہ ہو۔ بادامی باغ لاری اڈا کی ری سٹرکچرنگ کے بعد جدید لاری اڈا بنے گا۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ مجوزہ پلان کے مطابق پارک، پارکنگ، جدید بس ٹرمینل، باسہولت مسافر انتظارگاہ بنیں گے۔ لاری اڈے کی ری سٹرکچرنگ ڈیزائین کو ارد گرد کے ایریا سے مطابقت میں رکھا جائیگا۔

اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید چوہان، چیف انجینئر اسرار سعید، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین سمیت ایل ڈی ے، پی ایچ اے اور نیسپاک افسران نے شرکت کی۔