سمندری حقوق اور مفادات

چین کا سمندری حقوق اور مفادات کا مضبوط تحفظ کر نے کا اعلان

بیجنگ (لاہورنامہ) چینی کوسٹ گارڈ کے ترجمان گان یو نے رین آئی ریف میں فلپائن کی غیر قانونی مداخلت پر ایک بیان میں کہا ہے کہ فلپائن کے دو چھوٹے ٹرانسپورٹ بحری جہاز اور تین کوسٹ گارڈ کے بحری جہاز چینی حکومت کی اجازت کے بغیر چین کے جزائر نانشا میں رین آئی ریف سے متصل پانیوں میں داخل ہوئے۔

جمعہ کے روز تر جمان نے بتا یا کہ چینی کوسٹ گارڈ نے قانون کے مطابق فلپائنی بحری جہازوں کی نگرانی کی ، کنٹرول کے اقدامات اپنائے، اور جہاز پر خوراک اور دیگر ضروری روزمرہ مصنوعات کی نقل و حمل کے حوالے سے عارضی خصوصی انتظامات اپنائے ہیں۔

چین کو نانشا جزائر اور ملحقہ پانیوں بشمول رین آئی ریف پر ناقابل تردید اقتدار اعلیٰ حاصل ہے۔ فلپائن کے اقدامات چین کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی، بحیرہ جنوبی چین میں فریقوں کے طرز عمل سے متعلق اعلامیہ کی خلاف ورزی اور اس کے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے فلپائن پر زور دیا کہ وہ ایسے خلاف ورزی والے اقدامات سے باز رہے۔ چائنا کوسٹ گارڈ قانون کے مطابق چین کے دائرہ اختیار میں آنے والے پانیوں میں اپنے حقوق کے تحفظ اور قانون کے نفاذ کی سرگرمیاں جاری رکھے گا اور قومی اقتدار اعلیٰ اور سمندری حقوق اور مفادات کا مضبوط تحفظ کرے گا۔