قومی خزانے

قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے ‘اپنے وسائل پیدا کرنے کیلئے گورنر ہاﺅس کے کمرشل بنیادوں پر استعمال کی تجاویز وزیر اعظم کو ارسال

لاہور:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اوراپنے وسائل پیدا کرنے کیلئے گورنر ہاﺅس کی عمارت کے کمرشل بنیادوں پر استعمال کی تجاویز وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گورنر ہاﺅس لاہور کے اخراجات کےلئے قومی خزانے سے ایک خطیر رقم خرچ ہوتی ہے ۔ وزیر اعظم کو ارسال کی گئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ گورنر ہاﺅس کی وسیع و عریض عمارت کوثقافتی پروگراموں ، کانفرنسز اور اس طرز کی دیگر تقریبات کےلئے کمرشل بنیادوں پر استعمال کےلئے دیا جا سکتا ہے جس سے معقول آمدنی حاصل ہو گی جسے گورنر ہاﺅس کے اخراجات کےلئے ہی استعمال میں لایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کی تجاویز کو مثبت قرار دیتے ہوئے انہیں مزید بہتر کرنے اور انہیں مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تجاویز پر عملدرآمد کے حوالے سے قانون کا جائزہ لیا جائے گا اور حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان ہی کریں گے۔