دھوکے اور فریب

سابق حکمرانوں نے عوام کو آج تک دھوکے اور فریب کے علاوہ کچھ نہیں دیا،لیاقت بلوچ

لاہور(لاہورنامہ)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان امیدوار این اے 123 لیاقت بلوچ، صدر ڈیفنس سرکل ذکی الدین شیخ اور امیدوار پی پی 157نے کہا ہے کہ عوام اس دفعہ ووٹ ان کو دیں جن کا جینا مرنا پاکستان میں اور پاکستان کے لئے ہو۔

سابق حکمرانوں نے عوام کو آج تک دھوکے اور فریب کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ ملک اور عوام کو خوشحال بنانے کے وعدے کئے لیکن قوم و ملک کو دنیا بھر کا مقروض کردیا۔ خوشحال صرف حکمران ہوئے۔ اس دفعہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں قوم کو اپنا منشور نہیں کارکردگی بتائیں.

عوام8فروری کو ترازو پر مہر لگا کر ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ڈیفنس سرکل کے صدر ذکی الدین شیخ کے زیراہتمام ناشتہ کی تقریب کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قائدین کا کہنا تھا کہ عوام ناکام سیاسی جماعتوں کی نالائقیوں اور نااہلیوں کو پہچان چکے ہیں۔ملک و قوم کے دشمن الیکشن میں التوا چاہتے ہیں،جن خدشات کے پیش نظرانتخابات ملتوی کرنے کی بازگشت ہورہی ہیں اُن سب کا حل بروقت اور شفاف انتخابات ہی ہیں۔

جمہوری اور ترقی یافتہ ریاستیں ہر قیمت پر عوام کو حق رائے دہی کا موقع دیتی ہیں۔طے شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن نہ کرائے گئے تو ملکی استحکام اور یکجہتی کو شدیدخطرات لاحق ہوں گے۔

خاندانوں پر مشتمل سیاسی جماعتیں اسٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں اور اختیارات کو منتقل ہوتا دیکھنا نہیں چاہتیں۔جماعت اسلامی فوری غیرجانبدار اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ ملک ترقی اور استحکام کی طرف گامزن ہو۔