لاہور (لاہورنامہ) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورصوبہ بھر میں تھانوں اور پولیس دفاتر کے اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں آئی جی پنجاب نے صوبائی دارالحکومت میں علی الصبح مختلف تھانوں و پولیس دفاتر کے دورے کئے۔ آئی جی پنجاب نے زیر تکمیل ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیااور اعلی معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سب سے پہلے پولیس اسٹیشن اچھرہ پہنچے اور جاری کام کا معائنہ کیا، آئی جی پنجاب نے سی آئی اے سنٹر اچھرہ کا بھی وزٹ کیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے پولیس اسٹیشن گلبرگ میں ترقیاتی کاموں اور جدید سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔گارڈن ٹاؤن پولیس اسٹیشن وزٹ کے موقع پر آئی جی پنجاب نے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے پولیس سٹیشن ماڈل ٹاؤن میں تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن کے ساتھ ساتھ تھانے میں موجود تمام دفاتر کو ایس او پیز کے مطابق مکمل کیا جائے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس دفاتر کی اپ گریڈیشن سے ورکنگ ماحول میں بہتری اور پبلک سروس ڈلیوری میں آسانی میسر آئے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر صوبے کے تمام تھانوں اور پولیس دفاتر کو جدید سہولیات سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، سپروائزری افسران تمام زیر تکمیل کاموں کو ذاتی نگرانی میں بروقت مکمل کروائیں۔