کراچی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں ایک دن آرام کے بعد بدھ کو کوالیفائر ون میچ کھیلا جائے گا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ اسی سلسلے میں ایک دن آرام کے بعدبدھ سے پلے آف میچز کا مرحلہ کھیلا جائے گا۔ لیگ میں آج بدھ کو کوالیفائر ون میچ پوائنٹس ٹیبل پر دو ٹاپ پوزیشنز کی ٹیموں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم براہ راست فائنل کیلئے کوالیفائی کر لے گی جبکہ رنر اپ کو ایک اور موقع ملے گا۔ تیسری اور چوتھی نمبر کی ٹیموں کے درمیان ایلیمینیٹر میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کرینگی، ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ فاتح ٹیم کا مقابلہ 15 مارچ کو ایلیمینیٹر ٹو کوالیفائر ون میچ کی رنر اپ ٹیم سے ہو گا۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا۔