لاہور( لاہورنامہ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی سرویلنس کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا سول سیکرٹریٹ میں تیسرا اجلاس منعقدہوا۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز، پروفیسر وسیم اکرم اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہوگی۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کرنا ہوگا۔ڈینگی پر قابو پانا کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔
علماء کرام سے جمعہ کے خطبات کے دوران عوام کو اس حوالے سے آگاہی مہم کی گزارش کی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ اور ملتان میں ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت مؤثر لائحہ عمل اپنا رہا ہے۔بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے کام کی بر وقت تکمیل حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعلیمی اداروں میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک پنجاب میں ڈینگی کے 79 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ـاس سلسلے میں ہر محکمہ کو ضلعی سطح پر متحرک کرنا ہوگا۔