لاہور(ویب ڈیسک) چراغ کے جن کی کہانیاں تو آپ نے بچپن میں پڑھ رکھی ہونگی اور اگر آپ سے کوئی یہ کہے کہ اس کے پاس ایک ایسی بوتل ہے جس میں آپ کی ہر خواہش پوری کر دینے والا جن بند ہے اور اس بوتل کی قیمت 10لاکھ روپے ہے تو آپ حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ اور ایسا واقعہ بھارت کے شہر بگواتی میں تپاس رائے چوہدری نامی شہری کے ساتھ پیش آیا۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق’’ تپاس رائے چوہدری ‘‘نامی شہری کو اس
کے ایک دوست نے فون کر کے بتایا کہ اسے جن والی بوتل کے بارے میں پتا چلا ہے۔ مزید معلومات لی گئیں تو پتا چلا کہ بوتل کے جن کو باہر نکال کر اس سے کوئی بھی کام لیا جا سکتا ہے اور اگر وہ اسے خریدنے میں سنجیدہ ہیں تو جا کر اسے دیکھ بھی سکتے ہیں۔اچھی طرح معلومات لینے کے بعد تپاس رائے چوہدری کچھ قریبی دوستوں کو ہمراہ لے کر خریداری کے لئے جا پہنچا۔ یہ سافٹ ڈرنک کی پرانی بوتل تھی جس کے اندر ایک روپے کا سکہ پڑا تھا۔ چار افراد اس بوتل کی حفاظت پر معمور تھے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ بوتل جن سمیت 10 لاکھ روپے میں مل سکتی ہے۔ یہ سن کر تپاس رائے کہنے لگا کہ اس کے پاس تو اتنی رقم نہیں ہے، جس پر بوتل کے محافظ بہت برہم ہوئے اور تپاس و ساتھیوں کو پکڑ کر زدوکوب کیا۔ انہوں نے تپاس کی جیب میں موجود رقم بھی چھین لی اور اسے ایک کمرے میں بند کر دیا۔ اتفاق سے اس کا موبائل فون بوتل کے محافظ نکالنا بھول گئے اور یہیں سے ان کی مصیبت شروع ہو گئی ۔ تپاس چوہدری نے کمرے میں بند ہوتے ہی اپنے موبائل فون کے ذریعے ایک دوست کو کال کر کے سب ماجرا سنایا جس پر اس کے دوست نے پولیس کی مدد لیتے ہوئے اسے ان لوگوں سے رہائی دلوائی۔ پولیس کا کہناہے کہ بوتل کے جن کا فراڈ کرنے والوں کو حراست میں لے لیا گیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔