لاہور : منی لانڈرنگ کے الزامات پر معروف صنعتکار میاں منشاءقومی احتساب بیورو (نیب )لاہور میں پیش ہوگئے ، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی طرف سے میاں منشا سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے میاں منشا اور انکے بیٹوں میاں حسن منشا اور میاں عمر منشا کو طلب کیا گیاتھا اوربرطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب کے ملکیتی کاغذات، ہوٹل کی خرید کا معاہدہ اور اصل دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔
تاہم صنعتکار میاں منشا اکیلے ہی نیب کے روبرو پیش ہوئے جہاں پر تفتیشی ٹیم نے ان سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ نیب ذرائع کے مطابق نشاط گروپ کے چیف ایگزیکٹو میاں منشا اور انکے بیٹوں پر کروڑوں پاﺅ نڈ غیرقانونی طور پر برطانیہ بھیجنے کا الزام ہے۔
ان پر الزام ہے کہ 2010 ءمیں برطانیہ میں سینٹ جمیز ہوٹل خریدا۔واضح رہے کہ نیب میاں منشا اور ان کے بیٹوں کو دومرتبہ پہلے بھی طلب کرچکا ہے تاہم میاں منشا صرف ایک بار جبکہ انکے بیٹے تاحال نیب میں پیش نہیں ہوئے۔