نیوزی لینڈ کی

وزیر خارجہ کی نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کی پرزور مذمت ، نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ کے سامنے اس معاملے کو اٹھائیں گے،

اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کے اپنے ہم منصب کے سامنے اس معاملے کو اٹھائیں گے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ نیوزی لینڈ کی حکومت مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو بھی ہیں۔ وزیر خارجہ نے ایک ہی وقت میں دو مساجد پر کیے گئے حملے کو انفرادی کارروائی کے بجائے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا دہشت گردی کا حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے متعلق مزید معلومات کے حصول کے لیے پاکستان نیوزی لینڈ کے متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کا واقعہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے۔