لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، فواد حسن فواد، احد چیمہ اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف نے عدالت میں موقف اپنایا کہ میرے خلاف نیب نے جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہے۔ جس پر جج جواد الحسن نے کہا یہ آپ مقررہ وقت پر عدالت کو بتائیے گا یہ میرا کیس نہیں ہے۔ جج احتساب عدالت نے کہا شہباز شریف کی حاظری لگا لیں۔ عدالت نے ایڈمن جج کی چھٹی کے باعث سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے وزیراعلی کے لیے جو مراغات منظور کی ہے وہ سمجھ سے باہر ہیں، بطور وزیراعلیٰ پنجاب 10 سال اپنی ذاتی گاڑی استعمال کرتا تھا۔ انہوں نے کہا علاج معالجے کے لیے بھی سرکاری پیسے استعمال نہیں کرتا تھا، اپنی وزارت کے 10 سال میں ایک دن بھی تنخواہ نہیں لی، تمام اخراجات اپنی جیب سے کرتا تھا۔