واشنگٹن:امریکہ میں طبی تحقیق میں کہاگیاہے کہ کولڈ ڈرنکس یا میٹھے مشروبات کا استعمال صحت کے لیے تباہ کن ہوتا ہے اور جلد موت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چینی سے بننے والے ان مشروبات اور قبل از وقت موت کے درمیان تعلق موجود ہے۔
اس تحقیق کے دوران ایک لاکھ سے زائد مردوں و خواتین کا 3 دہائیوں تک جائزہ لیا گیا اور ان سے ہر چار سال بعد غذائی عادات کے حوالے سے سروے بھروائے گئے۔نتائج سے معلوم ہوا کہ لوگ جتنا زیادہ ان میٹھے مشروبات یعنی سافٹ ڈرنکس، فروٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور اسپورٹس ڈرنکس کو استعمال گے، ان میں جلد موت کا خطرہ اتنا ہی زیادہ ہوگا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ ہفتے میں 6 مشروبات کا استعمال کریں گے، ان میں جلد موت کا خطرہ 6 فیصد زیادہ بڑھ جائے گا جبکہ روزانہ ایک سافٹ ڈرنک کا روزانہ استعمال یہ خطرہ 14 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔محققین کے مطابق نتائج سے ان میٹھے مشروبات کے نقصانات کے بارے میں شواہد کو مزید تقویت ملتی ہے اور لوگوں کو ان کی جگہ پانی کو ترجیح دینی چاہئے تاکہ اپنی صحت کو نقصان سے بچاسکیں۔