لاہور :سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں پارلیمانی کاروائی کا آغاز تلاوت قرآن سے کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اقوام عالم اسلامو فوبیا کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔
تہذیبوں کا ممکنہ تصادم عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نسلی و مذہبی منافرت ابھارنے والے فسادی عناصر کی سرکوبی ضروری ہے۔ امریکی پالیسیوں کے باعث دنیا میں انتشار اور فساد پھیلا ہے۔ نیوزی لینڈ جیسے چھوٹے ملک کی بڑی وزیراعظم نے مسلمانوں کے دل جیت لئے ہیں۔ مغربی حکمران نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسی سوچ اپنائیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے عالمگیر مکالمہ ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ علمیہ میں‘‘ امت مسلمہ کو درپیش خطرات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مجلس مزاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس مزاکرہ سے ڈاکٹر عمران انور نظامی، ڈاکٹر سلطان سکندر، ڈاکٹر مفتی کریم خان، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ نعیم جاوید نوری، ڈاکٹر عقیل احمد نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امت مسلمہ قیادت کے فقدان کا شکار ہے۔ اب دنیا کو اسلامو فوبیا سے نکل کر حقائق کا سامنا کرنا ہو گا۔ مسلمان دنیا بھر میں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اسلام کا حقیقی تشخص مسخ کیا جا رہا ہے۔ علماء کرام حقیقی اسلام اور حقیقت اسلام دنیا کے سامنے پیش کریں۔
اسلامی اقوام متحدہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فرقہ واریت کے ذریعے امت مسلمہ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ اتحاد امت ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر عالم اسلام کے مسائل کے کا مشترکہ حل تلاش کیا جائے۔