پاکستان اپنے دفاع

پاکستان اپنے دفاع میں ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے، ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، آج کے دن ہمیں مقبوضہ وادی کے اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔

یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا عظیم دن ہے، آج کے دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا، جدوجہد کے باعث 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی، آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے، ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں، ہمسائیہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ اور پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا خواہش ہے جنوبی ایشیا میں سب ملکر غربت کا خاتمہ کریں، پاکستان اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے، ہماری امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، آج کے دن ہمیں کشمیری بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا جو بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔

عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی، قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم حق خودارادیت کے حصول کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔