ماہرہ اور بلال اشرف کی فلم ”سپر اسٹار “ میں دھماکے دار انٹری

کراچی: ماہرہ خان اوربلال اشرف کی فلم ’سپر اسٹار‘ میں دھماکے دار انٹری کے بعد فلم کی شوٹنگ شروع کردی گئی ہے۔جاندار اداکاری اور دلفریب حسن کی وجہ سے پہچانی جانے والی ماہرہ خان پاکستان انڈسٹری کی صفہ اول اداکارہ مانی جاتی ہیں جوکہ اب تک کئی پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ بھارتی فلموں میں بھی کام کرکے بھارتیوں کو بھی اپنا گرویدہ بنا چکی ہیں تاہم پاکستان کی یہ سپر اسٹار اداکارہ اب فلم ’سپر اسٹار‘ میں بھی نظر آئیں گی جس کی شوٹنگ بھی شروع ہوچکی ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ ایک منفرد انداز کے ساتھ اداکار بلال اشرف کے ساتھ موجود ہیں۔ ماہرہ نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ وہ فلم ’سپر اسٹار‘ میں ’نوری‘ جب کہ بلال اشرف ’سمیر‘ کا کردار ادا کررہے ہیں۔دوسری جانب بلال اشرف بھی اپنی اس فلم کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کرنا نہ بھولے۔ انہوں نے بھی ماہرہ کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اور ماہرہ خان ’ڈک فیس‘ بنائے ہوئے ہیں اور ساتھ ہی بلال نے بھی کرداروں کے نام بھی بتائے۔

واضح رہے کہ معروف ہدایتکارہ مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’سپر اسٹار‘ میں محمد احتشام الدین ہدایت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔