جوس پیئں

یہ مزیدار جوس پیئں اور صحت مند بن جائیں

ویسے تو آج کل لگتا ہے کہ سبزیاں کھانا کسی کو پسند نہیں مگر سبز رنگ کی سبزیاں صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہوتی ہیں۔

ان میں سے ایک لوکی بھی ہے جو کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پسندیدہ غذاؤں میں سے ایک تھی جو کہ آپ کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ نہ صرف گرم موسم میں جسم کو ٹھنڈا رکھتی ہے بلکہ دل کے لیے مفید اور بے خوابی کی شکایت دور کرنے میں بھی مددگار ہے۔

اس کا عرق یا جوس بھی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے جو کہ وٹامن سی، وٹامن بی، سوڈیم، آئرن، پوٹاشیم سے بھرپور ہونے کے ساتھ اس میں چربی اور کولیسٹرول کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

اس کے فوائد درج ذیل ہیں۔

جسمانی وزن میں کمی
لوکی کا جوس ان افراد کے لیے فائدہ مند ہے جو جسمانی وزن میں کمی کے خواہشمند ہیں، اس کے لیے لوکی کے چھلکوں کو اتار کر سبزی کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور پھر جوسر میں ڈال کر جوس بنالیں، اس جوس کو پینا معمول بنانا موٹاپے سے نجات میں مدد دیتا ہے کیونکہ وٹامنز اور منرلز کے ساتھ یہ جوس کھانے کی اشتہا پر قابو پانے میں مدد دیتی ہے، اس جوس کو نہار منہ پینا جسمانی وزن میں کمی میں مدد دیتا ہے۔

نظام ہاضمہ بہتر بنائے اور قبض دور کرے
لوکی میں فائبر کی دونوں اقسام موجود ہوتی ہیں جبکہ پانی کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے اس کا جوس نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، یہ جوس قبض کے علاج کے لیے بھی موثر ثابت ہوتا ہے جبکہ تیزابیت کو بھی دور کرتا ہے۔

جسم کو ٹھنڈک پہنچائے
چونکہ لوکی میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے تو یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچاتی ہے جو کہ گرمی میں پسینہ زیادہ آنے پر پانی کی کمی بھی پوری کرتی ہے۔

پیشاب کے مسائل دور کرے
لوکی کا جوس جسم میں موجود ایسے مواد کو خارج کردیتا ہے جو پیشاب کے مسائل کا باعث بن سکتے ہیں، لوکی کے جوس میں لیموں کا عرق ملا کر پینا اس حوالے سے فائدہ مند ہوتا ہے۔

بہتر نیند کے لیے مددگار
اگر آپ بے خوابی کے شکار ہیں تو لوکی کے جوس میں تلوں کے تیل کو مکس کرکے پینا عادت بنالیں، جس سے نیند کا مسئلہ دور ہوجائے گا۔

دل کو صحت مند بنائے
اس جوس کو پینا دل کو صحت مند بنانے میں مدد دیتا ہے کیونکہ اس سے بلڈ پریشر ریگولیٹ ہوتا ہے جس سے شریانوں کی صحت مستحکم رہتی ہے۔

جگر کا ورم کم کرے
لوکی کا جوس جگر کے ورم کو دور کرنے کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔

بالوں کی سفیدی سے بچائے
صبح نہار منہ لوکی کا جوس پینا عادت بنانے پر جوانی میں بالوں کی سفیدی کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

جلد ہموار بنائے
لوکی کا جسم جسمانی نظام کی صفائی کرتا ہے جس سے جلد کی صحت بہتر ہوتی ہے اور اس کی چمک اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔

لوکی کا جوس بنانے کا طریقہ
250 سے 300 گرام کی لوکی لیں اور اسے اچھی طرح دھولیں، اس کے بعد چھلکے چھیل لیں کر سبزی کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

ان ٹکڑوں کو بلینڈر میں ڈال دیں جس کے بعد پودینے کے 5 سے 6 پتوں کا اضافہ کریں جبکہ کچھ مقدار میں پانی کو بھی شامل کرکے بلینڈ کرلیں۔

جوس بن جائے تو اس میں ایک چمچ زیرہ پاﺅڈر، دو چمچ سیاہ مرچ پاﺅڈر اور حسب ذائقہ نمک شامل کرکے مکس کرکے پی لیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔