ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا میمز کے نشے میں مبتلا ہیں، اگر کسی دن وہ اپنے دوستوں کو میمز نہ بھیجیں تو وہ پریشان ہوجاتے ہیں۔
اداکار ارباز خان کے پروگرام ’پنچ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ میمز دیکھتی ہیں، ایک طرح سے وہ میمز کے نشے میں مبتلا ہیں۔ وہ نہ صرف خود میمز دیکھتی ہیں بلکہ اپنے دوستوں کو بھیجتی رہتی ہیں، اگر وہ کسی دن اپنے دوستوں کو میمز نہ بھیجیں تو وہ فون کرکے پوچھتے ہیں کہ میری طبیعت تو ٹھیک ہے۔سوشل میڈیا پر اصلی سونا کا ہینڈل رکھنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے جب سب سے پہلے اکاﺅنٹ کھولا تو انہیں سوناکشی سنہا کا نام مل گیا لیکن جب وہ انسٹاگرام پر آئیں تو یہ نام جاچکا تھا جس کی وجہ سے ’اصلی سونا‘ کا نام رکھا اور اب یہ نام ان کی شخصیت کے ساتھ چپک گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کل کے نوجوان اداکاروں کا تعارف بڑے بڑے آرٹیکلز کے ذریعے کرایا جاتا ہے لیکن سلمان خان نے ان کا تعارف انتہائی دلچسپ انداز میں کرایا ۔ ” سلمان خان نے میری پیشانی اور پاﺅں کی تصویر لے کر کہا کہ ’ یہ دیکھیے سوناکشی سنہا، سر سے پیر تک“۔
خیال رہے کہ سوناکشی سنہا نے سلمان خان کے مد مقابل دبنگ فلم میں بطور ہیروئن کام کرکے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔