تشدد

‘شوہر آئے دن تشدد کرتا تھا’، اسما نے بیان قلمبند کروا دیا

لاہور: شوہر کے ہاتھوں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی متاثرہ خاتون اسما نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے 3 صفحات پرمشتمل بیان قلمبند کروایا ہے۔ اپنے بیان میں اسما نے کہا ہے کہ میرا شوہر 24 مارچ کو نشے کی حالت میں اپنے دو دوستوں کے ساتھ گھر داخل ہوا، مجھے شراب پینے کا کہا جس پر میں نے انکار کیا۔

جب دوست گئے تو اس نے مجھے باندھ کر پلاسٹک کے پائپ سے مارنا شروع کر دیا، اور گھر کے ملازم دیکھتے رہے۔ اسما نے مزید کہا کہ فیصل نے تین ملازمین کے ساتھ مل کر میرے سر کے بال کاٹے اور دوستوں کے سامنے ناچنے کا بولا۔ اسما نے کہا کہ اس سے پہلے بھی شوہر مجھے تشدد کا نشانہ بناتا تھا مگر جب حالات میرے بس سے باہر ہوئے تو مجھے یہ قدم اٹھانا پڑا اور آج میں انصاف طلب کرنے عدالت آئی ہوں۔