لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آج میں بھی آپ کو یاد کراناچاہتی ہوں کہ اب آپ کنٹینر پر نہیں بلکہ وزیراعظم ہیں۔
آپ سے یہ بھی پوچھنا ہے کہ آپ وزیراعظم پاکستان ہیں، نیب کے چئیرمین یا اس کے ترجمان ہیں؟ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین نے پلی بارگین اور این آر او کی آپ کو عادت ڈال دی ہے۔
اسی لئے آپ سب میں پلی بارگین اور این آر او بانٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔وزیراعظم کو یہ بھی بتادوں کہ ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی اور روپے کی قدر مزید کم ہوگئی ہے۔قوم کو بتائیں کہ نو ماہ میں آپ تین ہزار ارب روپے سے زائد قرض لے چکے ہیں۔ قوم کو بتائیں کہ افراط زر 8.5 فیصد سے بھی اوپر جارہا ہے، اور جلد ڈبل ڈیجٹ میں جانے والا ہے ۔
آپ اپوزیشن پر تنقید کررہے تھے کیونکہ پٹرول 12 روپے مزید مہنگا کرنا ہے۔آپ نے اپنی تقریر میں نوماہ کے دوران اپنی حکومت کی ایک بھی کارکردگی نہیں بتاسکے انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کی چوری چھپانے کے لئے اپوزیشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔قوم کو بتائیں کہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کے خلاف کاروائی کب شروع ہوگی؟ انہوں نے عوام سے کہا کہ تیاری کرلیں۔
حکومت مہنگائی کا نیا بم گرانے والی ہے۔ٹیکس ریونیوز جمع نہ ہونے پر ناکامی کا بدلہ غریب عوام سے لینا ظلم ہے۔