بیوی پر تشدد

بیوی پر تشدد ، شوہر اور ساتھی جیل منتقل

لاہور( آن لائن ) بیوی پر تشدد کرنے اور سر کے بال کاٹنے کے الزام میں گرفتار شوہر اور اس کے ساتھی کو عدالت نے مدعیہ کی میڈیکل رپورٹ آنے تک جیل بھیج دیا۔

ماڈل ٹاون کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد ضیا نےخاتون پر تشدد کیس کی سماعت کی۔تھانہ کاہنہ پولیس نے مقدمہ کے دونوں ملزمان میاں فیصل اور راشد کو 4 روزہ ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جبکہ اسما عزیز بھی اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔سماعت میں مدعیہ نے بیان دیا کہ انہیں دوست کے سامنے رقص نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس ظالم اور درندہ صفت شخص کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

عدالت نے مدعیہ سے پوچھا کہ کیا آپ کے بال مشین سے کاٹے جس کا انہوں نے اقرار میں جواب دیا۔دوسری جانب اسما کے شہر فیصل کا کہنا تھا کہ اگر میں غلط ہوا تو میں اپنی سزا بھگتے کے لیے تیار ہوں، سارے اسما کے وکیل بنے ہوئے ہیں میری بات کوئی نہیں سن رہا ۔

ملزم فیصل کا کہنا تھا کہ مجھے ایک گھنٹے کا ٹائم دیا جائے اور میری بات سنی جائے مجھے جو سزا دیں گے مجھے قبول ہے لیکن اگر اسما غلط ہوئی تو اسے بھی یہی سزا دے جائے جو میں بھگت رہا ہوں.

رپورٹ میں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان سے بال کاٹنے والی مشین اور خاتون کے کاٹے گئے بال بھی برآمد کیے گئے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ خاتون پر تشدد کیا جانے والا پائپ بھی برآمد کیا گیا ہے۔