ملکی معیشت

ڈپٹی وزرائے اعظم آپس میں لڑ رہے ہیں،ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا، بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی جانب سے پیٹرول کو مہنگا کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی ڈپٹی وزرائے اعظم ہیں جن کی لڑائی میں ملک کا بیڑا غرق ہورہا ہے۔

لاڑکانہ میں خواتین رہنماؤں اور کارکنان سے غربت مٹاؤ پروگرام کے حوالے سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ‘سچ سامنے آرہا ہے کہ کوشش ہورہی ہے ایسی حکومت بنائی جائے کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرکے ون یونٹ بنے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کیا جاسکے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ گھوٹکی میں خان صاحب کے ارد گرد جو چہرے بیٹھے تھے ان کو پہچانیں، یہ ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ون یونٹ بنانا چاہتے ہیں، آپ کے حقوق اور صوبے کے وسائل چھیننا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کو یہ نہیں کرنے دیں گے’۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ‘ایک طرف ڈپٹی وزیراعظم جہانگیر ترین تو دوسری طرف ڈپٹی وزیر اعظم شاہ محمود قریشی آپس میں لڑ رہے ہیں جبکہ ملک کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، معیشت پر پیٹرول بم گرا دیا ہے اور کہتے ہیں غریب کا احساس ہے، اگر احساس ہے تو آپ کر کیا رہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘عوام مہنگائی کے سونامی میں کیوں ڈوب رہے ہیں، گیس، بجلی مہنگی اور کھانے پینے کی اشیا مہنگی لیکن یہ عوام دشمن حکومت زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتی’۔

خواتین کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اس قسم کا نظام بنانا ہے جہاں ہمارا رابطہ ہو تاکہ آپ ہماری مدد کرسکیں اور ہم آپ کی مدد کر سکیں، کیونکہ پاکستان اور سندھ کے اتنے سارے مسائل ہیں کہ کوئی ایک آدمی انہیں حل نہیں کر سکتا، اگر ہم مل کر محنت کرتے ہیں تو کوئی مسئلہ ایسا نہیں ہے جس کا ہم حل نہ نکال سکیں’۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ‘ہم مل کر کام کرتے ہیں تو مجھے امید ہے کہ ہم غربت کا مقابلہ کریں گے، جہالت کا بھی مقابلہ کریں گے اور صحت کے نظام کر بہتر کریں گے، وقت اور محنت لگے گی لیکن ہم مل کر کام کریں گے’۔

خواتین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر آپ سیاست میں آنا چاہتی ہیں تو انہیں مقامی انتخابات میں وڈیرے اور الیکٹیبلز سے زیادہ ترجیح دیں گے، لیکن اگر سیاست میں نہیں آنا ہے تو ہمارے نمائندوں کا احتساب آپ کریں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم آپ سے پوچھیں گے کہ وہ کام کیسے کررہے ہیں، ان کا خدمت کا کام کیسا ہے یا غلط کام کررہے ہیں اور اگر آپ اجازت دیں گے تو ہم ان کو تیر کا نشان دیں گے اور پھر وہ انتخابات لڑ سکیں گے’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صرف سندھ کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے جو ملک بھر میں انقلاب لے کر آیا اور بینظیر شہید کے وژن کے مطابق ملک کو خوشحال بنائیں گے اور کوشش ہے کہ غریب کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بینظیر ایئرپورٹ سے بینظیر کا نام نکال دیا اور اب انکم سپورٹ سے بھی نام نکالنا چاہتے ہیں، لیکن آپ بینظیر کا نام نہیں نکال سکتے کیونکہ پاکستان کی تمام خواتین بینظیر ہیں۔