لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے تحت گلگت بلتستان کی عوام کو 200ملین کی 11ایمبولینسز سمیت دیگر طبی سامان کاتحفہ دیا جارہا ہے جو گلگت بلتستان کے لوگوں کو علاج معالجہ میں بہت معاون ثابت ہوگا-
گلگت بلتستان کی عوام کے لئے ہیلتھ پیکیج میں ایمبولینسز کے علاوہ 7آٹومیٹک الیزاء، 9کیمسڑی اینالائنزرز،4ڈیجیٹل ریڈیوگرافی،9ایکسرے فلم پروسیسرز،22ڈینٹل یونٹ کمپوننٹ،22ڈینٹل انسٹرومنٹس،7بائیوکیمسٹری اینالائینرز،4سی آرمز،30کارڈیک مانیٹرز اور 70کارڈیک بیڈز شامل ہیں-گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کو پنجاب کے 11نرسنگ کالجز میں 5سیٹوں کا کوٹہ دیا جائے گا جس میں سیٹوں کی مجموعی تعداد 55ہوگی-یہ بات انہوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین کے ساتھ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر میں خصوصی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کی- اس موقع پر صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر زاہداختر زمان ، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم و دیگر افسران موجودتھے-
صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر مزید کہا کہ سکردو اور گلگت بلتستان بہت خوبصورت علاقے ہیں جہاں پوری دنیا سے لوگ سیروتفریح کے ذریعے لطف اندوز ہوتے ہیں- تحریک انصاف کی حکومت کی ملک میں ٹورازم کو فروغ دینا اولین ترجیحات میں شامل ہے – اللہ کے فضل و کرم سے گلگت بلتستان میں امن قائم ہو چکا ہے۔ اب پوری دنیا سے لوگ سکردو اور گلگت بلتستان کی طرف رخ کر رہے ہیں۔ ایسے علاقہ میں بہترین طبی سہولیات کا ہونا اشد صروری ہے۔
حکومت پنجاب جلد گلگت بلتستان کی عوام اور سیروتفریح کے لئے آنے والے مہمانوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سینٹر قائم کرے گی جس میں کسی قسم کے حادثہ کی صورت میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام بہترین ہیلتھ پیکج کا تحفہ دینے پر حکومت پنجاب خصوصاً وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے بے حد مشکور ہیں۔
200 ملین کے اس ہیلتھ پیکج سے گلگت بلتستان کی عوام کو شعبہ صحت میں بے حد مدد حاصل ہو گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے طبی سامان، ٹراما سینٹر کے قیام کے اعلان، نرسنگ کالجز میں گلگت بلتستان کے 55 بچوں کو کوٹہ اور ہرطرح کی تکنیکی مدد پر انتہائی مشکور ہوں۔