ریلیف کی

حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے،امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں اب ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے۔

انہوں نے بدھ کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایسی خوشحال ریاست بنانے کے لئے کوششیں کر رہی ہے جس میں عوام بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط تر بنانے کے لئے درآمدات میں کمی اور ملکی برآمدات میں اضافہ کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے آصف علی زرداری اور نواز شریف کے مقدمات بارے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کے خلاف مقدمات پی ٹی آئی کی حکومت نے درج نہیں کئے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ذرہ برابر بھی کرپشن برداشت نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا بھگتنا ہوگی۔ انہوں نے سابق وزیر خزانہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی طور پر کنٹرول کیا جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کو اقتصادی شعبہ میں چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومتوں نے معیشت کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی تھی۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کرپشن کا کوئی ایک کیس بھی منظر عام پر نہیں آیا۔ ایمنسٹی سکیم کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو اس سکیم سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں غربت کم کرنے کے لئے احساس اور کفالت جیسے پروگرام شروع کئے ہیں۔