لاہور(آئی این پی) (ن) لیگ کے قائد محمد نواز شریف کے دل کی دھڑکن کو ترتیب میں لانے کیلئے پیس میکر اور آئی سی ڈی تجویز کر دی گئی‘ایم ایم اے عالم روڈ پر پرائیوٹ ہسپتال میں ایم آر آئی اور ایم آر اے سمیت دیگر ٹیسٹ ‘ جبکہ گردوں میں پتھری کی تشخیص کے لئے سی ٹی کب، چھاتی اور ریڑھ کی ہڈی کی سی ٹی سکین بھی کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی رہائشگاہ جاتی امراء سے گلبرگ میں واقع ایک نجی ہسپتال پہنچے جہاں لیگی کارکن پہلے سے ہی موجود تھے جنہوں نے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور نعرے بازی کی جس پر نواز شریف نے بھی ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔نوازشریف نے تقریباً سوا دو گھنٹے ہسپتال سے دل اور گردوں کی ایم آر آئی کروائی۔
ان کے ایم آراے سمیت دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے جبکہ گردوں میں پتھری کی تشخیص کے لئے سی ٹی کب، چھاتی اور ریڑھ کی ہڈی کا سی ٹی سکین بھی کیا گیا ۔ طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد نوازشریف جاتی امرا واپس روانہ ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ نوازشریف کے دل کی دھڑکن کوترتیب میں لانے کیلئے پیس میکر اورآئی سی ڈی تجویز کی گئی ہے ،پیس میکر اور آئی سی ڈی زندگی بچانے کا ایک آلہ ہے جو مریض کو ڈاکٹر کے مشورے سے لگائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں یا اگلے ہفتے تک نوازشریف کی صحت کے متعلق تمام ٹیسٹوں کی رپورٹس مرتب کر لی جائیں گی ، نوازشریف کی صحت کے بارے میں متعلقہ ماہرین سے مشورہ کیا جا رہا ہے ، انکی صحت کے بارے اور صحت کے متعلق تمام معلومات کی ایک واضح تصویر ہونی چاہیے ۔