لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور رکن پنجاب اسمبلی مسرت چیمہ نے پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کر کے مجموعی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف جدوجہد اور ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر ڈالنے کےلئے مثبت پالیسیوں کی وجہ سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ۔
عمران خان کی لازوال تحریک کی وجہ سے عوام کو پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی لوٹ مار سے آگاہی حاصل ہوئی اور آج انہیں بیباک احتساب کا سامنا ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی عوام میں گہری جڑیں ہیںاور انشا اللہ عوام سے روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوںکی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پہاڑ جیسے مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم مایوسی نہیں اور انشا اللہ زیراعظم عمران خان ملک کو بھنور سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور خصوصی طو رپر پنجاب اسمبلی میں موثر قانون سازی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری کے بعد عوام حقیقی معنوں میں با اختیار ہوں گے او ران کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔