سیکرٹری ویمن

سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارم بخاری نے خواتین کے ہاسٹلز کے اچانک دوروں کا آغاز کردیا

لاہور(این این آئی) صوبہ بھر میں کام کرنے والی خواتین کو مہیا کی جانے والی سہولیات کے بہتر بنانے کیلئے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارم بخاری نے خواتین کے ہاسٹلز کے اچانک دوروں کا آغاز کردیا ہے۔

بغیر کسی پیشگی اطلاع کے انہوں نے فیصل آباد میں دورہ کے دوران ہاسٹل اسٹاف کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔ ضابطہ کار کے تحت ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔پچھلے ہفتے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے گوجرانوالہ خواتین ہاسٹل کا دورہ کیا تھا جس کے دوران نہ صرف ہاسٹل مینیجر کو غیر حاضر پایا بلکہ بغیر پیشگی اطلاع دیئے وہ کسی اور شہر میں پائی گئی تھیں۔

نتیجتاً ہاسٹل مینیجر کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔ فیصل آباد میں رہائشی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ارم بخاری نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نہ صرف ویمن ڈویلپمنٹ ہاسٹلز میں مہیا کی جانے والی سہولیات کا معیار بلند کررہا ہے بلکہ خود کار آئی ٹی کے ذریعے ایسا سسٹم متعارف کروا رہا ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر کے ہاسٹل مینیجرز کی ہاسٹل میں موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

فیصل آباد ویمن ہاسٹل میں مقیم خواتین نے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارم بخاری کا دورہ کرنے اور ملکی ترقی میں خواتین کے کردار کو مزید فعال بنانے کے لئے ان کی رہائشی سہولیات میں دلچسپی لینے کو سراہا۔