غلط فہمی

بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں‘عثمان بزدار

لاہور (این این آئی) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے،نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے،بھارتی فوج کی شہریوں پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ،بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ حرکت ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے، مودی سرکار کا جارحیت پسند رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، بھارت جنگی جنون میں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارتی فوج کی سرحدی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے،پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کو پے درپے ناکامیوں کے بعد سبق سیکھ لینا چاہیے ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج پہلے بھی بھارتی افواج کو دراندازی پر دندان شکن جواب دے چکی ہیں۔

بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم پاکستان کی مسلح بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔