لاہور ( این این آئی)گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سلک نے کہا ہے کہ مجھے لاہور کے تھیٹر میں آکر جو کام ملا ہے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے ، اگر کسی فنکار نے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنی ہے تو اسے لازمی لاہور آکر کام کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ میری خوش قسمتی رہی کہ مجھے شالیمار تھیٹر میں رائٹر و ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک اور پروڈیوسر ملک طارق جیسے لوگ ملے جنہوں نے قدم با قدم میری رہنمائی کی ۔میں نے گوجرانوالہ میں ڈراموں کے دوران اتنا کچھ نہیں سیکھا جتنا لاہور آکر سیکھنے کو ملا ہے ۔
اداکارہ سلک نے کہا کہ لاہورریے واقعی زندہ دل ہیں اور وہ میری رقص پرفارمنس کو دل کھول کر داد دیتے ہیں ،میں واقعی اس بات کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو گئی ہوں کہ لاہور لاہور ہے اور اس جیسا کوئی اور شہر نہیں ہے ۔