کراچی ( آن لائن ) کتّوں کو انسان کا بہترین دوست سمجھا جاتا ہے اور تحقیق نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ کتوں میں پائی جانے والی سونگھنے کی زبردست صلاحیت سے ڈاکٹرز بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔
سائنسدانوں نے اپنی نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ کتے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا افراد کے خون کو سونگھ کر تقریباً 97 فیصد کامیابی سے مرض کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ماہرین نے یہ پتہ لگایا ہے کہ کتے سونگھ کر کینسر کی تشخیص کر سکتے ہیں لیکن بایو سینٹ ڈی ایکس فارماسیوٹیکل کی جانب سے کی جانے والی نئی تحقیق نے سابقہ ڈیٹا کی تصدیق کی ہے۔
یہ بات ثابت ہے کہ کتوں کے سونگھنے کی طاقت انسانوں کے مقابلے میں 10ہزار گنا زیادہ طاقتور ہوتی ہے جبکہ مرگی کا دورہ پڑنے سے قبل ہی کتوں کو استعمال کرتے ہوئے مریض کو خبردار کیے جانے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔