معافی مانگنے

فواد چوہدری اپنے ٹویٹ پر معافی مانگنے کے بجائے جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں،حنا ربانی

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اپنے ٹویٹ پر معافی مانگنے کے بجائے جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں،میرا مذکورہ ٹیکسٹائل مل سے بلواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق نہیں، اضافی بلنگ کے متنازع معاملے کو چوری سے تعبیر کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ ۔

بدھ کو پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حناربانی کھر نے فواد چوہدری کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فواد چوہدری اپنے ٹویٹ پر معافی مانگنے کے بجائے جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ میرا مذکورہ ٹیکسٹائل مل سے بلواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق نہیں۔انہوںنے کہاکہ میرے خاوند مذکورہ ٹیکسٹائل ملز کے معمولی شیئرز کے مالک ہیں۔

انہوںنے کہاکہ فواد چوہدری نے جس انگریزی لیٹر کو منسلک کیا، اس کو پڑھ بھی لیں۔انہوںنے کہاکہ فواد چوہدری نے جو لیٹر اپنے ٹویٹ سے منسلک کیا وہ اضافی بلنگ سے متعلق ہے۔انہوںنے کہاکہ لیٹر کے مطابق واجبات اداشدہ ہیں، اضافی بلنگ کا معاملہ کورٹ میں ہے۔انہوںنے کہاکہ اضافی بلنگ کے متنازع معاملے کو چوری سے تعبیر کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ ۔

انہوںنے کہاکہ نئے پاکستان میں غیرمصدقہ باتوں کی بنیاد پر کردارکشی معمول بن چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ فواد چوہدری ہرجانے کے نوٹس کا جواب دینے کے لئے تیار رہیں۔