راولپنڈی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری داغنے والے عابدعلی نے خیرپختونخوا کو پاکستان کپ کی جگمگاتی ٹرافی کا حقدار بنا دیا، اوپنر نے 132رنزکی شاندار اننگز کھیل کر باﺅلرز کے چھکے چھڑا دئیے۔
خیبرپختونخواہ نے پہلے بیٹنگ کرتے اوپنر عابد علی کے 132 رنز کی بدولت 7 وکٹ پر 307 رنز بنائے۔ عابد علی نے اپنی اننگز میں 12 چوکے اور 3چھکے بھی لگائے جبکہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پانے کے بعد کرکٹ میں واپس آنے والے سلمان بٹ محض 2 رنز ہی بنا سکے۔ عابد علی نے ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کیلئے آنے والے محمد سعد کے ہمراہ دوسری وکٹ میں 136 کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو 139تک پہنچایا جس میں سعد علی کے 51 رنز بھی شامل تھے جبکہ عادل امین اور خوشدل شاہ اس بار زیادہ دیروکٹ پر نہیں ٹھہر سکے۔
بلوچستان کی ٹیم جوابی اننگز میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر298 رنزتک محدود رہی، اویس ضیا ءاور ذیشان اشرف کے درمیان 35 رنز کی اوپننگ شراکت کا خاتمہ عرفان کے ہاتھوں ہوا، ذیشان 16رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔کپتان اسد شفیق اور اویس ضیا نے مجموعی سکور کو 127 تک پہنچایا، اسد شفیق 48 کے انفرادی سکور پر زوہیب کی گیند پر عدنان اکمل کے ہاتھوں سٹمپڈ ہوگئے، عمراکمل 23، علی عمران 27 اور بسم اللہ خان 20 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، اویس ضیاء83 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے مگر اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
عمر اکمل بہترین بیٹسمین جبکہ وہاب اور عماد بٹ بہترین باﺅلرز قرار پائے۔ پاکستان کپ کی فاتح ٹیم خیبرپختونخوا کو ونر ٹرافی کے ہمراہ 20لاکھ روپے کیش پرائز دیاگیا جبکہ بلوچستان کو رنر اپ ٹرافی اور10لاکھ انعام ملا، ایونٹ کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ عمر اکمل نے وصول کیا، بیسٹ باﺅلر وہاب ریاض اور عماد بٹ جبکہ بہترین آل راونڈرحماد اعظم قرار پائے، انہیں سووینیئر اور 25,25 ہزار روپے کیش ایوارڈ ملا۔اختتامی تقریب کے موقع پرمہمان خصوصی پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔