پاکستانی نامور ہدایت کار عاصم رضا کافی وقت سے اپنی فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے حوالے سے میڈیا میں کئی قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
پہلے ایسی رپورٹس سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم میں ماہرہ خان مرکزی کردار نبھارہی ہیں، تاہم بعدازاں عاصم رضا اور خود ماہرہ خان نے اس کو بےبنیاد ٹھراتے ہوئے بتایا کہ فلم میں شہریار منور کے ہمراہ مایا علی کام کرتی نظر آئیں گی۔
اس کے بعد ایسی افواہیں بھی سامنے آئیں کہ ماہرہ خان اس فلم میں ایک مختصر کردار کے لیے ضرور جلوہ گر ہوں گی، تاہم اس حوالے سے نہ تو ماہرہ نے کچھ کہا نہ ہی ہدایت کار نے جواب دیا۔
تاہم اب خود عاصم رضا نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ساتھ تصدیق کردی ہے کہ ماہرہ خان ان کی فلم کا حصہ ضرور بنیں گی۔
ماہرہ خان فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں کوئی چھوٹا یا معمولی کردار ادا نہیں کررہی بلکہ وہ ایک گانے پر رقص کرتی نظر آئیں گی، جو ہدایت کار کے مطابق فلم کے لیے کافی اہم اور ان کے لیے بہت خاص ہے۔
عاصم رضا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں نظر آرہا ہے کہ ماہرہ خان سرخ رنگ کے جوڑے میں موجود ہیں۔
اس پر عاصم رضا کا کہنا تھا کہ وہ ماہرہ خان کے بےحد شکر گزار ہیں کہ وہ ان کے دوسرے خواب کا بھی حصہ بنی، جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس گانے کے لیے بےحد پرجوش ہیں۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان عاصم رضا کی پہلی فلم ’ہو مان جہاں‘ میں مرکزی کردار نبھا چکی ہیں، جس کے بعد عاصم رضا اپنی دوسری فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں بھی ماہرہ کو کاسٹ کرنے کے خواہش مند تھے۔
فلم ’پرے ہٹ لو‘ ایک سادہ رومانوی کہانی پر مبنی ہے جو رواں سال عید الضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔