اسلام آباد (این این آئی)وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی بڑی عمارات میں سگریٹ نوشی ممنوع ہے ،،اب قانون کویونیورسٹی اور کالجز میں بھی لاگو کروائیں گے، لوگوں کی صحت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، تمام پارکس میں تربیت یافتہ عملہ تعینات ہوگا ،ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے گیدڑ بھبھکیاں نہ دی جائیں ، عوام کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔ پیر کو سموک فری اسلام آباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب بچے تمباکو نوشی کی وجہ سے اموات کا شکار ہوتے ہیں،دو کروڑ نوجوان نسل میں تیزی سے یہ منتقل ہورہا ہے۔
انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومتوں نے کبھی غور نہیں کیا ۔ انہوںنے کہاکہ اشتہارات میں آگاہی کےلئے تصاویر کو بڑا کیا۔انہوںنے کہاکہ اب یہ قانون لاگو کیا ہے کہ اسلام آباد میں بڑی عمارات مین سگریٹ نوشی کو ممنوع کیا جائےگا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کا وژن ہے اس کو پورا کرنا ہو گا،اب اس قانون یونیورسٹی اور کالجز میں بھی لاگو کروائےں گے۔ وزیر صحت نے کہاکہ تمام سرکاری عمارات میں سگریٹ کو ممنوع قرار دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جتنے بھی پارکس ہیں وہاں تربیت یافتہ عملہ جلد ہو گا۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کی صحت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ چھٹی کے روز بھی ہم چھاپے مار رہے ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ ہم عوام کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے گیدڑ بھبھکیاں نہ دی جائیں ۔وزیر صحت عامر کیانی نے کہاکہ تمباکو ہر بیماری کو تیز کر دیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بیماریوں کے خلاف مزاحمت کو بھی کم کر دیتی ہے ،تمباکو نوشی سے پاک معاشرے بنانے کےلئے تیزی سے کام کرنا ہو گا انہوںنے کہاکہ تمباکو کی ہر قسم پر ٹیکسز بڑھا رہے ہیں ،سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں بھی طلباءتمباکو نوشی کا شکار ہیں ۔