IG Punjab

نئے آئی جی پنجاب عارف نواز نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

لاہور(سی پی پی ) پنجاب پولیس کے نئے سربراہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) کیپٹن (ر)عارف نواز نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب آئی جی آفس پہنچے جہاں انہیں پولیس بینڈ نے سلامی دی۔کیپٹن (ر) عارف نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کارکردگی دکھانے کے علاوہ کوئی آپشن موجود نہیں ہے.

میں آج صرف یہی کہوں کا کہ یہ پولیس کے لیے پیغام ہے جب کہ پولیس فورس کے دیگر کے معاملات مجھ پر چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار صرف اپنی پرفارمنس بہتر کریں تاکہ معاشرے میں پولیس کا امیج بہتر ہو۔ میں نے 10 ماہ بعد دوبارہ ذمہ داری سنبھال لی ہے، میرے بعد یہاں کیا کچھ ہوا اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔آئی جی پنجاب نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر مجھ پر کرم ہوا ہے.

نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کی عہدہ سنبھالنے کی تقریب میں سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی شریک نہ ہوئے۔تقریب میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن بھی تقریب میں شریک نہ ہوئے جب کہ سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے نئے آئی جی عارف نواز خان کو آنری سٹک بھی نہ تھمائی۔پولیس افسران کے رویے کے باعث پرائے آئی جی پنجاب کی ساری ٹیم کو جلد تبدیل کیے جانے کا امکان بھی بڑھ گیا ہے جب کہ محکمہ میں موجود دیگر پولیس افسران کو اپنا مستقبل نظر آنے لگا۔