قرضوں کا

قرضوں کا اژدھا معیشت کو کبھی بھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہونے دےگا‘ اشرف بھٹی

لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ قرضوں سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر معیشت کی ترقی کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہو سکتا، غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی اور کھربوں روپے مالیت کی بیکار پڑی سرکاری اراضی کو مارکیٹ ویلیو کے مطابق نجی شعبے کو لیز یا سالانہ بنیادوں پر کرائے پر دے کر اس سے حاصل ہونے والی رقم کو قرضے اتارنے کےلئے مختص کیا جائے ۔

اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ عالمی اداروں کی پاکستان کی معیشت کے حوالے سے رپورٹس پوری قوم کے لئے تشویش کا باعث ہیں۔ حکومت دعوﺅں کے باوجود قر ض اتارنے کے لئے کوئی پالیسی نہیں دے سکی بلکہ ملک پر مزید اربوں روپے کا قرض چڑھا دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا غریب ملک روزانہ سود کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی کا متحمل نہیں نہیں ہو سکتا۔ ہمارا پہلے روز سے مطالبہ ہے کہ حکومت سب سے پہلے بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کی پالیسی بنائے ۔ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا ہوگا اور چادر دیکھ کر پاﺅں پھیلانا ہوں گے۔ وفاقی و صوبائی وزراءاور بیوروکریٹس کو حاصل مراعات پر پابندی عائد کی جائے ۔ سرکاری محکموں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جائے اور اس کے بعد انہیں اپنا بوجھ خود اٹھانے کا پابند کیا جائے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ جب تک ہم عالمی اداروں سے قرضے لیتے رہیں گے ہماری بقاءاور سلامتی خطرات سے دوچار رہے گی اور ہم کبھی بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہیں ہو سکتے ۔