ٹوکیو (این این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جاپان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیرز سے وابستہ دانشوروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کی ،پاکستان کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات اور خارجہ پالیسی کے اہم خدوخال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
پیر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوکیو میںجاپان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیرز (JIIA) سے وابستہ دانشوروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات اور خارجہ پالیسی کے اہم خدوخال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ خطے میں امن و استحکام کی بقا کیلئے، پاکستان کی موجودہ حکومت ، تمام ہمسایوں کے ساتھ دوطرفہ پر امن تعلقات کیلئے کوشاں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو صنعتی اور تجارتی مرکز بنانے کے خواہاں ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے میں نئے تجارتی بلاک بنائے جائیں ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی گفتگو ، جاپانی سکالرز تک پاکستان کا نقطہ ءنظر، موثر انداز میں پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گی۔