لاہور (این این آئی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اقتدار کے قلعوں کو نہیں ، عوام کے دلوں کو فتح کرنا چاہتی ہے ،
پاکستان کے عوام اور خاص طور پر سیاسی کارکنوں نے ایک ایک کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیاہے مگر کسی جماعت نے بھی ان کے مسائل کو حل نہیں کیا بلکہ عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں اضافہ کیا، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکن قابل رحم ہیں جنہوں نے اپنی پارٹیوں کو اقتدار میں لانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں مگر جب پارٹیاں اقتدار میں آئیں تو کارکنوں کی امیدوں اور توقعات کا خون کیا ، ان کے خواب چکنا چور ہو ئے ، جماعت اسلامی ان سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے اور انہیں دعوت دیتی ہے کہ ملک و ملت کی بگڑی سنوارنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں ، جماعت اسلامی کبھی انہیں مایوس نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایبٹ آباد میں ضلعی ذمہ داران اور کارکنان کے تربیتی سٹڈی سرکل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ غلبہ دین کی تحریک ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد کسی کے ذاتی اقتدار کی راہ ہموار کرنا نہیں ۔ ہم ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ اپنی دنیا وآخرت کو کامیابی سے ہمکنار کر سکیں اور قیامت کے روز اللہ کے حضور پیش ہو کر گواہی دے سکیں کہ ہم نے قرآن و سنت کے نظام کی سربلندی کے لیے جدوجہد کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کے تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ اسلام کے بابرکت نظام کو اپنایا جائے اور ملکی نظام کو اللہ کے احکامات کے تابع کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا دستور ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی کا تقاضا کرتا ہے ۔ آئین پاکستان میں قرآن و سنت کو ملک کا سپریم لاءاور اللہ کی حاکمیت کو تسلیم کیا گیاہے ۔
قیام پاکستان کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں نے لا الہ الا اللہ کے نظام کے لیے ہی اپنا سب کچھ قربان کیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک ملک میں آئین کی بالادستی کو یقینی نہیں بنایا جاتا ، ملک و قوم مسائل اور پریشانیوں کی دلدل میں پھنسے رہیں گے