ہوائی فائرنگ

وفاقی دارلحکومت میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائےگی،محمد عامر ذوالفقار خان

اسلام آباد (این این آئی)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے ہدایات کی ہیں کہ وفاقی دارلحکومت میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی،کرپشن میں ملوث افسران و اہلکاران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی،منشیات فروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف جاری مہم کو مزید موثر بنایا جائے ۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے سنٹرل پولیس آفس میں وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی اور کرائم کے علاوہ حالیہ سری لنکا میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سرفراز احمد فلکی، ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید،ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز عرفان طارق،ایس ایس پی سکیورٹی محمد سلیمان،اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر سردار غیاث گل، ایس پی سپیشل برانچ زبیر احمد شیخ کے علاوہ ایڈیشنل ایس پی اور تمام زونل ایس پیز نے شرکت کی، آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اقلیتوں خصوصا ً عیسائی برادری کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کے لئے ایک جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیں ،اس موقع پر انہوں نے وفاقی دارلحکومت میں شادی ہالز اور مارکیز کے باہر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا سخت نوٹس لیا اور ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایات جاری کیں کہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونماہونے پر متعلقہ ایس پی ،ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا،

آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز شادی ہالز اور مارکیز کے مالکان سے سرٹیفکیٹ لیں کہ آئندہ ان کے ہالز اور مارکیز کے باہر کسی قسم کی ہوائی فائرنگ یا آتش بازی نہیں ہوگی،خلاف ورزی کرنے پر ہالز کے مالکان اور شادی کے منتظمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ،آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر زونل ایس پیز سے رپورٹ حاصل کریں ،آئی جی اسلام آباد نے چائنیز نیشنل کے قتل کے مقدمہ میں ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی سٹی اور کیس سے متعلق ہومی سائیڈ انسپکٹر اور ایس ایچ او سے مکمل بریفنگ لی اور انہوں نے ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم بھی بنادی اور ہدایت دی کہ مقدمہ کو تین دنوں میں بطور ٹیسٹ کیس ٹریس کریں ،

آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو مزید ہدایات دیں کہ وہ زونل ایس پیز کے ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر کھلی کچہری کا انعقاد کریں اور منشیات فروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف جاری مہم کو سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز کے ذریعے مزید موثر بنائیں ،آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو مزید ہدایت کی کہ سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں کسی قسم کے ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لئے ایک موثر سکیورٹی پلان تشکیل دیں،آئی جی نے زونل ایس پیز کو ان کے متعلقہ تھانوں کے رجسٹرز کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات دیں،انہوں نے کہا کہ رٹ آف دی سٹیٹ کو برقرار رکھنے کے لئے آپس میں مکمل رابطہ رکھیں ،انہوں نے ڈی آئی جی آپریشز اور ایس پیز کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔