لاہور(این این آئی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سینئر رجسٹرارز کی ترقیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا۔سینئر رجسٹرارز کی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی نئی پالیسی کی روشنی میں ترقیوں کے حوالے سے محکمہ صحت میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کی۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری میاں شکیل و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کی نئی پالیسی آنے سے پہلے محکمہ صحت میں فرائض سر انجام دینے والے سینئر رجسٹرارز کو پرانے طریقہ کار کے مطابق ترقیاں دی جا رہی ہیں-
محکمہ فوری طور پر سینئر رجسٹرارز کی ترقیوں کے لئے ورکنگ پیپر تیار کرے-صوبائی وزیر نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کی نئی پالیسی کا اطلاق پالیسی کے آنے کے بعد بھرتی ہونے والے سینئر رجسٹرارز پر ہو گا- تحریک انصاف کی حکومت نے شعبہ صحت میں پہلی بار ڈاکٹروں کی بھرتی اور ریکارڈ ترقیاں دیں۔