آئین نو

پی ٹی آئی نے آئین نو سے ڈرنے اور طرز کہن پر اڑنے کی روایات کو توڑا ہے‘عثمان بزدار

لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی 23سالہ پرامن اور باوقار سیاسی جدوجہد ملکی تاریخ میں مثال بن چکی ہے،عمران خان نے تحریک انصاف کو تبدیلی کا نقیب بنایا ہے، پی ٹی آئی نے آئین نو سے ڈرنے اور طرز کہن پر اڑنے کی روایات کو توڑا ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف عوام کے جذبات کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، پاکستان تحریک انصاف نے نوجوانوں کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، پاکستان تحریک انصاف 23 سالہ جدوجہد کے بعد واحد ملک گیر جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف روایتی سیاست کے جمود کو توڑ کر تبدیلی لانے والی واحد جماعت ہے، عمران خان پاکستان کی تاریخ میں قائداعظم کے بعد حقیقی سیاسی لیڈر بن کر ابھرے ہیں،پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد میرا فخر ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر چیئرمین عمران خان اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔