وزیراعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کا بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بیجنگ (آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان نے چین کے میگا منصوبے ‘ون بیلٹ ون روڈ’ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے 5 نکات پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ کالر کرائم کا خاتمہ، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، ٹورازم کوریڈور، غربت میں کمی کیلئے فنڈ کا قیام اور آزاد تجارت کیلئے اقدامات کرنا ہونگے،بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی بحران میں کمی ہوئی.

چین کے تعاون سے گوادرتیزی سے دنیا کا تجارتی مرکزبن رہا ہے، بنیادی ڈھانچے، ریلوے، آئی ٹی اورتوانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اورچین سی پیک کے اگلے فیز کی طرف بڑھ رہے ہیں، سی پیک کے اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونزکا قیام ہوگا۔

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی بحران میں کمی ہوئی اور چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘ون بیلٹ ون روڈ’ منصوبہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے اور پاکستان چین کی اس بڑی کاوش کا ابتدائی شراکت دار ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان میں ‘احساس’ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے اور ماحول کی بہتری کے لیے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔عمران خان نے اس موقع پر شرکا کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان وائٹ کالر جرائم کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہا ہے کیونکہ وائٹ کالر کرائم ہی ترقیاتی کاموں کو برباد کرتا ہے۔

اس دوران وزیر اعظم نے شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔