لاہور ( این این آئی) سٹی ٹریفک پولیس نے جانی نقصان اور ٹریفک مسائل سے بچنے کیلئے نہر میں نہانے پر پابندی لگانے کی تجویز دیدی ۔
اس ضمن میں سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور محکمہ آبپاشی کو خط لکھ دیا ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ نہر میں نہانے والوں کیوجہ سے کینال روڈ پر غیر معمولی رش بڑھ جاتا ہے،شہری اپنی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور خصوصاً رکشوں کو کینال روڈ پر پارک کر دیتے ہیں،نہر میں چھلانگیں لگانے اور موج مستی سے لڑائی جھگڑے،قیمتی جانوں کے نقصان کا اندیشہ رہتا ہے،شہری کینال روڈ کو کہیں سے بھی کراس کرنا شروع کر دیتے ہیں جو اکثر و بیشتر حادثات کا باعث رہتا ہے۔سی ٹی اوکیپٹن(ر) لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی اورکسی بھی ناگہانی صورت سے بچنے کیلئے نہانے پر پابندی لگائی جائے۔