چینی صدراور

وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر اوروزیر اعظم سے الگ الگ ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

بیجنگ(این این آئی)چین کے دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیاچیانگ سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اتوار کو یہاں وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، گریٹ ہال میں ہونے والی ملاقات میں پاکستانی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔

جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت ا ہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اپنے دورے کے دور ان عمران خان نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی باہمی تجارت بڑھانے اور تعلقات کو نئی وسعتوں تک لے جانے پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے سمیت امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک چین اکنامک کوریڈور کی تعمیر کی تیز تر تعمیر اور گوادر بندرگاہ کے علاوہ سمندری حدود کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

قبل ازیں بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستانی وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور خسرو بختیار بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، دورے کے دوران وزیراعظم نے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم اور گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔