نیا بلدیاتی

حکومت جلد بازی میں نیا بلدیاتی بل لاکر اپنے پاﺅں پر خود کلہاڑی مارنے جا رہی ہے‘عظمیٰ بخاری

لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت جلد بازی میں نیا بلدیاتی بل لاکر اپنے پاﺅں پر خود کلہاڑی مارنے جا رہی ہے،
نو ماہ کی تبدیلی نے عوام کو دوبارہ نوازشریف کی یاد دلا دی ،چار سیٹوں پر کھڑی تبدیلی سرکار کی دیوار ہوا کے جھونکے سے گر سکتی ہے۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت منتخب نمائندوں کے اختیارات ایڈمنسٹریٹر کو دینا چاہتی ہے، اربوں روپے کے فنڈز ایڈمنسٹریٹر ایک سال تک استعمال کرینگے، جن کو آئندہ بلدیاتی الیکشن میں سیاسی انجینئرنگ کےلئے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مدت پوری ہونے سے قبل تحلیل کرنا غیر آئینی و غیر قانونی ہے، مسلم لیگ (ن) کا بلدیاتی بل سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق ہے۔حکومت جلد بازی میں نیا بلدیاتی بل لاکر اپنے پاﺅں پر خود کلہاڑی مارنے جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت جلد بازی میں غلط روایات ڈالنے کی کوشش کررہی ہے، نیا بلدیاتی بل کسی صورت اسمبلی سے پاس نہیں ہونے دینگے۔عظمی بخاری نے کہا کہ چار سیٹوں پر کھڑی تبدیلی سرکار کی دیوار ہوا کے جھونکے سے گر سکتی ہے، نو ماہ کی تبدیلی نے عوام کو دوبارہ نوازشریف کی یاد دلا دی ہے۔