اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان برآمدات کیلئے شروع سے ہی کم ویلیو کی مصنوعات پر انحصار کرتا رہا ہے جس وجہ سے ہماری برآمدات بہتر فروغ نہیں پا سکیں اور اس صورت حال سے باہر نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ پاکستان ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے پر توجہ دے جن کی دنیا میں زیادہ مانگ پائی جاتی ہے۔
لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے جس سے ہماری برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہو گا اور اور معیشت تیزی سے ترقی کرے گی۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ برآمداتی مصنوعات کا کسی بھی ملک کی ترقی پر براہ راست اثر پڑتا ہے کیونکہ جو ممالک زیادہ قیمت والی مصنوعات برآمد کرتے ہیں وہ تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کرتے ہیں جبکہ کم قیمت والی مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک زیادہ تر ترقی پذیر ممالک کی صف میں ہی شامل رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدات کیلئے زیادہ تر ٹیکسٹائل، فیبرکس، فٹ وئیر اور چمڑے کی مصنوعات سمیت چند دیگر مصنوعات پر انحصار کرتا رہا ہے جو کم ویلیو والی مصنوعات ہیں جبکہ اس کے برعکس ہمارے چند پروسی ممالک زیادہ ویلیو والی مصنوعات برآمد کر کے کئی گنا بہتر نتائج حاصل کر رہے ہیں۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ 2000سے 2018تک پاکستان کی برآمدات کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ہماری برآمدات کی ترقی کی رفتار پڑوسی ممالک کے مقابلے میں بہت سست روی کا شکار رہی ہے جس کی اہم وجہ یہ ہے کہ پاکستان برآمدات کیلئے زیادہ قیمت والی مصنوعات تیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوںنے کہا کہ 2000میں پاکستان کی برآمدات تقریبا 7.95ارب ڈالر تھیں جبکہ اس عرصے میں انڈیا کی برآمدات تقریبا 43ارب ڈالر تھیں جو ہماری برآمدات سے 6گنا زائد تھیں۔ تاہم 2018میں ہماری برآمدات تقریبا 23ارب ڈالر تھیں جبکہ انڈیا کی برآمدات بڑھ کر 331ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں اس طرح پاکستان کے مقابلے میں انڈیا کی برآمدات میں 14گنا سے زائد اضافہ ہوا۔ لہذا انہوںنے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی والی مصنوعات تیار کرنے کیلئے نجی شعبے کی ہر ممکن مدد کرے تا کہ پاکستان ویلیو ایڈیڈ مصنوعات برآمد کر کے بہتر نتائج حاصل کر سکے جس سے ہماری اقتصادی ترقی کی رفتار بھی تیز ہو گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ حکومت صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے جلد نئی صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دے جس میں ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کو تیار کرنے کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چین کے ساتھ صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنائے اور سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے جس سے ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔