دانتوں کا درد بہت عام ہوتا ہے جو لوگوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے مگر اس کا علاج تو آپ کے کچن میں ہی چھپا ہوا ہے۔
جی ہاں خوشبودار لونگ جسے کھانے کا ذائقہ دوبالا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے مگر یہ دانتوں کے درد سمیت مختلف امراض کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
درحقیقت یہ مصالحہ ہر گھر میں ہی ہوتا ہے جس کا استعمال کھانے کی مہک بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ روزانہ صرف 2 لونگوں کو کھانا صحت کے لیے کتنا فائدہ مند ہے؟
اگر نہیں تو فوائد درج ذیل ہیں۔
جسمانی مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے
لونگ ان بہترین غذاﺅں میں سے ایک ہے جو جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں مدد دیتی ہیں، کیونکہ ان کا استعمال خون میں سفید خلیات کی مقدار کو بڑھاتا ہے جو کہ انفیکشن کے خلاف لڑتے ہیں ، لونگ میں وٹامن سی کی وجہ سے جسم کو یہ فائدہ ہوتا ہے۔
نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے
لونگوں کو عرصے سے نظام ہاضمہ کے مسائل کے لیے استعمال کیا جارہا ہے کیونکہ یہ مصالحہ ہاضمے کے انزائمے بڑھاتا ہے جبکہ متلی کی کیفیت پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، لونگ میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو معدے کی صحت بہتر کرکے قبض کی روک تھام کرتی ہے، نظام ہاضمہ کے مسائل پر قابو پانے کے لیے لونگ کا سفوف استعمال کرنا مفید ہوتا ہے۔
دانت کے درد سے ریلیف
لونگ کا مرکزی جز یوجینول (ایک بے رنگ خوشبودار روغنی مرکب) میں سن کردینے اور درد میں کمی لانے جیسی خصوصیات ہوتی ہیں، یہ جز درد کا باعث بننے والے مخصوص ریسپیٹرز کو بلاک کردیتا ہے۔ اس کا اثر 5 منٹ کے اندر شروع ہوتا ہے اور 15 منٹ تک برقرار رہتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق لونگ کا تیل دانتوں کے درد کے لیے انجیکشن جتنا ہی موثر ثابت ہوتا ہے جبکہ سن کردینے والی خصوصیت کی بناءپر یہ تیل مسوڑوں کے امراض کے خلاف بھی موثر ثابت ہوتا ہے۔ دانت کے درد کے لیے لونگ کو چبائیں یا اس کے تیل کی ایک بوند کو متاثر حصے میں ڈال دیں۔
جگر صحت مند بنائے
جگر کا کام جسم سے زہریلے مواد کی صفائی کرنا ہوتا ہے، لونگ کے تیل میں موجود یوجینول جگر کے افعال کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ورم اور جسمانی درد کم کرے
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یوجینول میں سن کردینے اور درد میں کمی لانے جیسی خصوصیات ہوتی ہیں، لونگ کھالیں یا اس کے سفوف کو نمک کے ساتھ ایک گلاس دودھ میں شامل کرکے پینا سردرد میں کمی لاتا ہے جبکہ سر کے درد کے لیے لونگ کے تیل کی کچھ مقدار کو ہتھیلی پر ڈال کر کنپٹیوں پر مناسب دباﺅ کے ساتھ مالش کریں۔
جوڑوں کے مسائل پر قابو پائے
ایک تحقیق کے مطابق لونگ کا استعمال ایسے پروٹین کو جسم میں خارج ہونے سے روکتا ہے جو سوجن کو بڑھاتا ہے۔ اس کے علاوہ لونگوں میں اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کو کمزور ہونے کا عمل سست کردیتے ہیں۔ اس کا آدھے سے ایک چائے کا چمچ روزانہ استعمال جوڑوں کے درد میں کمی کے لیے بہترین ہوتا ہے۔
اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور
لونگ میں پولی فینولز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کولیسٹرول اور بلڈپریشر میں کمی لانے میں مدد دیتے ہیں جبکہ شریانوں کے افعال بھی بہتر ہوتے ہیں اور ان کی لچک برقرار رہتی ہے۔
بلڈ شوگر ریگولیٹ کرنے میں ممکنہ طور پر مددگار
لونگ ایسے افراد کے لیے بہترین ہے جن کو بلڈشوگر کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، یہ جسم کے اندر انسولین کی طرح کام کرتی ہے اور خون میں موجود اضافی شکر کو خلیات میں منتقل کرنے میں مدد دے کر توازن بحال کرتی ہے، جس سے بلڈ شوگر لیول متوازن رہتا ہے۔
بلڈ کلاٹ کا خطرہ کم کرے
لونگ میں موجود یوجینول بلڈکلاٹ کا خطرہ بھی کم کرتا ہے، مگر خون پتلا کرنے والی ادویات کے ساتھ لونگ کو کبھی استعمال مت کریں بلکہ ایسا کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں۔