اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماسید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہی کے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے ، غریبوں کی زندگی اجیرن بنا دی ،مزدوروں اور محنت کشوں کی ترقی کے بغیر نہ تو ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ عوام خوشحال ہو سکتے ہیں۔
بدھ کو یوم مئی کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مزدوروں، کسانوں اور محنت کشوں کے حقوق کیلئے نہ صرف آواز بلند کی ہے بلکہ ان کی ترقی کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس ملک کا مزدور ، دہقان اور محنت کش محرومی اور غربت کا شکا ر ہے اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں ، مزدوروں اور محنت کشوں کی پارٹی ہے اور اس پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہی کے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے اور غریبوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے مزدور اور کسان پس چکا ہے اور وہ دو وقت کی روٹی کمانے سے بھی محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مزدوروں اور محنت کشوں کی ترقی کے بغیر نہ تو ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ اس کے عوام خوشحال ہو سکتے ہیں۔